سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ نے عازمین حج کو خاص ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’نسک کارڈ‘ سرکاری حج اجازت نامہ ہے جسے ہمیشہ اپنے ہمراہ رکھیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ نے کہا ہے کہ حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں عازمین کی نقل و حرکت کو منظم رکھنے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے نسک کارڈ جاری کردیئے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق نسک کارڈ جو کہ سرکاری حج اجازت نامے کی حیثیت رکھتا ہے میں عازم حج کے بارے میں تمام تر تفصیلات موجود ہیں جن میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ان کی رہائشی عمارتوں کا ایڈریس، حج خدمات فراہم کرنے والے ادارے کی تفصیل اور مشاعر مقدسہ (منی، عرفات اور مزدلفہ) میں عارضی قیام گاہوں کے مقامات کے بارے میں معلومات موجود ہیں۔
نسک کارڈ کے ذریعے عازم حج کی شناخت میں آسانی ہوگی علاوہ ازیں وہ حجاج جو اپنے رہائشی مقام کو کھو دیتے ہیں اس کارڈ میں موجود تفصیلات سے انہیں ان کی منزل تک پہنچانا آسان ہوگا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کا آغاز ہوچکا ہے، مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے عازمین حج کی رہائشی عمارتوں کیلیے پرمٹ جاری کردیئے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں عازمین کی رہائش کے لیے جن عمارتوں کو پرمٹ جاری کیے گئے ہیں ان کی تعداد 3 ہزار 161 جبکہ کمروں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 29 ہزار 232 ہے۔
میونسپلٹی کے مطابق عازمین کی رہائشی عمارتوں کیلیے معیار مقرر کردیئے گئے ہیں، جن کی جانچ کے بعد متعلقہ تفتشی ٹیم پرمٹ جاری کرنے کی منظوری دیتی ہے۔
پاکستان سے پہلی حج پرواز سعودی عرب پہنچ گئی
جن عمارتوں کے لیے پرمٹ جاری کیے گئے ہیں ان میں 18 لاکھ 71 ہزار 336 عازمین کی رہائش کے انتظامات ہیں جو مقررہ معیار کے مطابق ہیں۔