ہفتہ, مئی 3, 2025
اشتہار

سعودی عرب: حج ضوابط کی خلاف ورزی، سزاؤں پر عمل درآمد شروع

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی عرب میں وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال بن الشلھوب کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے حج ضوابط کی خلاف ورزی پرمقرر کی جانے والی سزاؤں پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں ’آگاہی امن عامہ اور ڈیجیٹل میڈیا کا کردار‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں بات کرتے ہوئے وزارت داخلہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ ’حج کی ادائیگی کے لیے پرمٹ کی شرط لازمی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پرمٹ کے بغیر جو بھی مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں داخل ہوگا یا وہاں قیام کرنے کی کوشش کرنے کا مرتکب پایا گیا تو اسے قانون کی خلاف ورزی شمار کیا جائے گا، جس پر 20 ہزار ریال کا جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔

ترجمان وزارت داخلہ نے جعل سازوں اور فرضی حج خدمات کے حوالے سے اشتہاری مہم چلانے والوں سے ہوشیار رہنے کا کہا ہے، جو مشاعر مقدسہ میں رہائش اور حج قربانی کے حوالے سے بھی غلط اشتہاری مہم کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرکے پیسے بنا رہے ہیں۔

ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے ’مکہ روٹ‘ کے عنوان سے جو اقدام کیا ہے وہ مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے‘۔

اس وقت 7 ممالک سے آنے والے عازمین کو ’مکہ روٹ‘ اقدام کے تحت بہترین خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اقدام کے آغاز سے اب تک 9 لاکھ 40 ہزار عازمین کو ان کے ملک میں رہتے ہوئے ہی امیگریشن کی سہولت فراہم کی جاچکی ہے‘۔

وزارت حج نے عازمین کو خاص ہدایات جاری کردیں

واضح رہے پاکستان سمیت مختلف ممالک میں ’مکہ روٹ‘ انیشیٹو کے تحت وزارت داخلہ کے ذیلی امیگریشن ادارے اپنے کاؤنٹرز قائم کرتے ہیں جو وہاں سے آنے والے عازمین حج کو ان کے ملک میں ہی امیگریشن کی سہولت فراہم کرتے ہیں جس کے تحت عازمین کو سعودیہ عرب پہنچنے پر کافی سہولت میسرآتی ہے اور انہیں مملکت کے ہوائی اڈوں پر امیگریشن کی قطاروں میں کھڑے نہیں رہنا پڑتا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں