مکہ مکرمہ میں مناسک حج کا آغاز آج سے ہوگیا ہے، دنیا بھر کے لاکھوں عازمین حج اپنی رہائشگاہوں سے منیٰ روانہ ہورہے ہیں۔
مناسک حج کا آج سے آغاز ہو رہا ہے، دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمینِ حج ظہر سے پہلے منیٰ پہنچیں گے عازمین حج منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے۔
عازمینِ حج جمعرات کی صبح تک منیٰ میں ہی قیام کریں گے اور عبادات میں مصروف رہیں گے، حجاج 9 ذوالحج کو نماز فجر کے بعد حج کے رکن اعظم وقوف کیلئے میدان عرفات پہنچیں گے۔
حجاج کرام نو ذوالحج کو خطبہ حج سننے کے بعد ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کریں گے اور غروب آفتاب تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔
اذان مغرب کے بعد حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے، مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشا کی نمازیں ملا کر پڑھیں گے اور رمی کیلئے کنکریاں جمع کریں گے۔
حجاج کرام 10 ذوالحج کو وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کیلئے جمرات روانہ ہوں گے، واضح رہے کہ اس سال 88 ہزار 301 پاکستانی عازمین سرکاری اسکیم اور 27 ہزار 12 پاکستانی نجی اسکیم کے تحت حج ادا کرینگے۔