جمعہ, اپریل 25, 2025
اشتہار

سعودی عرب: حجاج کرام کے لئے ٹھنڈے احرام تیار

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی عرب میں سعودی ایئر لائن (السعودیہ) کی جانب سے رواں سال حجاج کرام کے لیے ’ٹھنڈے احرام‘ متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خواتین اور مرد حجاج کے لیے تیار کیے جانے والے احرام گرمی کو ایک سے 2 ڈگری تک کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سعودی ایئرلائن کے مطابق ٹھنڈے احرام کو مخصوص ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس سے جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد مل سکے۔

امریکی کمپنی کا تعاون بھی احرام کی تیاری میں حاصل رہا، احرام کو دبئی کی عربین ٹریول مارکیٹ ’اے ٹی ایم 2025‘ میں پیش کیا جائے گا۔

کپڑے کی تیاری میں جس ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے اس کی خاصیت یہ ہے کہ انسانی جلد کو گرمی کی تپش سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

سعودی ایئرلائن کی جانب مہمانوں کے لیے ٹھنڈے احرام جون 2025 کے آغاز سے فراہم کئے جائیں گے، تاہم اس کے بارے میں مزید تفصیلات جلد پیش کی جائیں گی۔

دوسری جانب سعودی عرب کے وزارت سیاحت نے ٹور آپریٹرز کو اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اندرون یا بیرون مملکت سے حج ویزے کے علاوہ کسی اور ویزے پر آنے والوں کے لیے یکم ذی القعدہ بمطابق 29 اپریل 2025 سے مکہ مکرمہ میں رہائش کی بکنگ نہ کی جائے۔

وزارت سیاحت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے غیرملکی جن کے پاس ’مکہ پرمٹ‘ ہے یا حج ویزے پر آنے والے عازمین کے علاوہ کسی کے لیے بھی مکہ مکرمہ کے کسی ہوٹل میں ٹھہرنے کی بکنگ نہ کی جائے بصورت دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سعودی عرب: حجاج کرام کو گرمی سے بچانے کیلیے خاص انتظامات

خیال رہے سعودی عرب میں وزارت داخلہ کی جانب سے حج سیزن کے حوالے سے جاری ضوابط میں کہا گیا تھا کہ رواں برس حج کے ایام قریب آنے کے بعد اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے، پرمٹ رکھنے والے افراد کے علاوہ کسی شخص کو مکہ مکرمہ نہیں جانے دیا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں