سعودی عرب میں وزارت داخلہ کی جانب سے فرضی حج کمپنیوں اور جعلسازوں کے خلاف مہم جاری ہے۔ وزارت نے حج پرمٹ کے حوالے سے جعلسازوں سے خبردار کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے مختلف شہروں میں سوشل میڈیا پر فرضی حج سروسز کے حوالے سے اشتہاری مہم چلانے والوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔
جعلی اشتہاری مہم چلانے والوں کی جانب سے سادہ لوح افراد کو حج کرانے کا جھانسہ دیتے ہوئے انہیں مشاعر مقدسہ میں قیام اور حج قربانی و حج بدل کرنے کے بارے میں بھی غلط و نامناسب پیکیجز پیش کئے جارہے ہیں۔
جعلسازعازمین کے لیے مخصوص کڑے فراہم کرنے کا بھی دعویٰ کررہے ہیں۔
وزارت داخلہ نے خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج کرنے کے خواہشمند وزارت کے پلیٹ فارم ’نسک‘ کے ذریعے ہی بکنگ کرائیں جبکہ حج پرمٹ کے لیے’منصبہ تصریح‘ کو لانچ کیا گیا ہے۔
حج قربانی و صدقہ وغیرہ کیلیے مملکت کے ’الاضاحی‘ پروگرام کے ذریعے کوپن خریدے جاسکتے ہیں
ٹول فری نمبر 920020193 مخصوص کیا گیا ہے جس پر رابطہ کر کے درست معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے رواں برس عازمین حج کے لیے نسک کارڈز کی تقسیم شروع کردی ہے، اب تک ایک لاکھ 50 ہزار کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔
وزارت حج و عمرہ کی جانب سے نسک کارڈ انتہائی اعلٰی معیار کے پرنٹنگ کمپنی میں تیار کیے جا رہے ہیں جس میں بہترین سکیورٹی فیچرز کو شامل کیا گیا ہے۔
رواں برس کے لیے تیار کیے جانے والے نسک کارڈز کی خاص بات یہ ہے کہ گراؤنڈ پر موجود سکیورٹی اہلکار اس کی جانچ آسانی سے کرلیں گے۔
کارڈ میں عازم حج کی تمام معلومات موجود ہیں جن میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعرمقدسہ (منیٰ، عرفات اور مزدلفہ) کے ایڈریس اور کمپنی کے بارے میں مکمل معلومات و اہم ٹیلی فون نمبر کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ عازمین حج کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔
سعودی عرب: حجاج کرام کے لئے ٹھنڈے احرام تیار
بیرون مملکت سے آنے والے عازم حج کو ان کا کارڈ مملکت پہنچتے ہی دیا جاتا ہے جبکہ اندرون مملکت سے داخلی حجاج کے لیے کارڈز حج ایام شروع ہونے سے چند دن قبل دیے جائیں گے۔