ریاض: دریں اثناء وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سعودی وزیر مذہبی امور الشیخ صالح آل الشیخ کی دعوت پر ریاض پہنچے، ملاقات کے دوران دونوں وزارتوں کے مابین باہمی تعاون کے امور پر بات کی گئی۔
سردار محمد یوسف نے سعودی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بہترین حج انتظامات پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزيز اور سعودی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا ۔
سعودی عرب کا امت مسلمہ کی وحدت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت پاکستان ہر لحاظ سے حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں کیونکہ حرمین شریفین ایسی مقدس مقامات ہیں کہ جنکی حفاظت اور دفاع ہر مسلمان پر فرض ہے ۔
الشیخ صالح آل الشیخ نے پاکستانی وزیر کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی دوستی ایک مضبوط چٹان کے مانند ہے ، پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑے ہوکر ہمیشہ ایک مخلص دوست کا ثبوت پیش کیا ہے ۔
ملاقات میں ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان مولانا علی محمد ابوتراب اور سعودی عرب میں متعین پاکستانی سفیر منظور الحق اور سردار ابرار بھی موجود تھے۔