اسلام آباد : سرکاری حج اسکیم کےتحت فلائٹ آپریشن کاآغاز ہوگیا، ایئرپورٹس پر لبیک اللٰہم لبیک کی صدائیں گونجنے لگیں۔
تفصیلات کے مطابق لبیک اللھمہ لبیک کی صداؤں میں عازمین حج کی حجاز مقدس روانگی کا عمل شروع ہو گیا، فضائی سفر کی سہولیات پی آئی اے اور نجی ایئرلائنز فراہم کر رہی ہیں، اللہ کے مہمانوں کی میزبانی میں کوئی کمی نہ رہ جائے، اس کے لئے وفاقی وزیر مذہبی امورسردارمحمد یوسف تمام انتظامات کا جائزہ لینے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے۔
اس موقع پر وزیرمذہبی امور کا کہنا تھا کہ حجاج کیلئے سفر کو پُرآسائش بنا رہےہیں، حجاج سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہیں، حجاج کرام سعودی عرب میں نظم وضبط کاخیال رکھیں،عازمین کرام کوئی بھی ممنوعہ چیزنہ لے کر جائیں جبکہ عازمین مدینہ منورہ میں شکایات سیل سےرابطہ کرسکتے۔
پہلی حج پرواز اسلام آباد سے مدینہ روانہ ہوئی، وفاقی وزیر مذہبی امورسردار محمد یوسف نے عازمین حج کو رخصت کیا ، دوسری حج پرواز کراچی سے صبح چھ بجے جدہ روانہ ہوئی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کےاعلیٰ حکام نےعازمین کو الوداع کیا۔
پہلےروز8 پروازوں سے 1954عازمین سعودی عرب روانہ ہوں گے، پی آئی اے سمیت نجی ایئر لائنوں کے ذریعے مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد عازمین کو 300 سے زائد پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔
ملک بھر سےحج پروازوں کا سلسلہ چھبیس اگست تک جاری رہے گا، رواں سال ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد پاکستانی حج کا سعادت حاصل کریں گے۔