منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

حج آپریشن میں بے قاعدگیاں، سینئر اسٹاف انتظامیہ کے خلاف عدالت پہنچ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پی آئی اے حج آپریشن میں عارضی تعیناتیوں کے معاملے میں مبینہ بے قاعدگیوں کے خلاف افسران کی تنظیم نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے حج آپریشن میں کی گئی عارضی تعیناتیوں میں قواعد و ضوابط کی بے قاعدگیوں کے خلاف افسران کی تنظیم ساسا نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

سینئر اسٹاف ایسوسی ایشن (ساسا) کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 16 افسران اور اسٹاف کے لوگوں کی تعیناتی کے لیے عارضی حج پوسٹنگ اور فارن پوسٹنگ کے لیے کمپنی پالیسی کو مدنظر نہیں رکھا گیا ہے اور میرٹ کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انتظامیہ کو حج آپریشن میں کی جانے والی تعیناتیوں سے متعلق جولائی میں خط تحریر کردیا گیا تھا مگر پھر بھی پوسٹنگ کے وقت کمپنی پالیسی کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔

ساسا نے درخواست میں کہا کہ 15 اگست کو بھی انتظامیہ کو یاد دہانی خط انتظامیہ نے وصول کیا مگر اعلیٰ حکومتی شخصیات کی مبینہ سفارش اور مداخلت پر 16 من پسند افسران اور اسٹاف کو خصوصی تعیناتی دی گئی جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان ناموں کی فہرست بھی اعلیٰ سیاسی شخصیات نے پی آئی اے انتظامیہ کو بھیجی تھیں۔

سینئر اسٹاف ایسوسی ایشن کی درخواست پرعدالت عالیہ سندھ نے 25 اگست کو انتظامیہ سے جواب طلب کر لیا ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں