کراچی : پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن27 اگست سے شروع ہوگا، حجاج کرام کی وطن واپسی25 ستمبر تک مکمل کرلی جائے گی۔سول ایوی ایشن نے بھی تیاریاں مکمک کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے سمیت دیگر نجی ائیرلائن27اگست سے بعد از حج آپریشن شروع کر رہی ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ملک بھر کے ائیرپورٹس پر عازمین حج کی روانگی کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
پی آئی اے کی پہلی حج پرواز 300 سے زائد حجاج کرام کو لیکر جدہ سے پی کے 732 کے ذریعے شام سوا چار بجے کراچی پہنچے گی ، دوسری حج پرواز پی کے 3002 شام سوا پانچ بجے تین سو سے زائد حجاج کرام کو لے کر اسلام آباد پہنچے گی۔
اسی طرح تیسری حج پرواز27 اگست کو جدہ سے لاہور پی کے760 کے ذریعے 300 سے زائد حجاج کرام رات ساڑھے آٹھ بجے لاہور پہنچیں گے، پی آئی اے اپنے حج آپریشن کے دوران 225 حج اور ریگولر پروازوں کے ذریعے68ہزار سے زائد حجاج کرام کو وطن پہنچائے گی۔
پی آئی اے اپنے حج آپریشن کے دوران بوئنگ777اور ایئربس اے320 طیارے استعمال کرے گی ، پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول نے سعودی عرب میں موجود پی آئی اے ملازمین کو ہدایت جاری کی ہے کہ حجاج کرام کی وطن واپسی کے حوالے سے تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔
دوسری جانب جدہ اور مدینہ کے حج ٹرمینل پر پی آئی اے انتظامیہ نے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے ہیں تاکہ حجاج کرام کو وطن واپسی کے حوالے سے کسی دشواری کاسامنا کرنا نہ پڑے۔