ہفتہ, مئی 24, 2025
اشتہار

وفاقی وزیر ہزاروں عازمین کے زخموں پر نمک پاشی نہ کریں، حج آرگنائزرز

اشتہار

حیرت انگیز

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کے بیان پر حج آرگنائزرز  نے اپنا ردعمل دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ حکومت 67ہزار عازمین حج کے زخموں پر مزید نمک پاشی نہ کرے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان حج آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور عوامی نمائندے ہیں لہٰذا مسائل بھی عوامی سطح پر حل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ 67ہزار عازمین حج کے زخموں پر مزید نمک پاشی نہ کریں، سعودی حکومت کی ٹائم لائن کی وجہ سے دنیا بھر کے حجاج متاثر ہوئے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ وزارت مذہبی امور آئندہ سال حجاج کو بھیجنے کا واضح اعلان کرے،14فروری کا جی ٹو جی ایگریمنٹ وزارت کے 2 بااختیار افسران نے کیا۔

حج آرگنائزرز نے الزام عائد کیا ہے کہ منیٰ میں جگہ لینے کے لیے وزارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ رہا،67000پاکستانی حجاج کرام کے دکھ کا مداوا کیا جائے۔

واضح رہے کہ پرائیویٹ حج اسکیم کے67 ہزار عازمین اس سال حج کی سعادت حاصل نہیں کر سکیں گے، گزشتہ روز حکومت نے عازمین حج کو پہنچنے والے نقصان کا ذمہ دار پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو ٹھہرایا تھا۔

اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ دورہ سعودی عرب میں سعودی وزیر حج سے ملاقات ہوئی، حکومت عازمین حج کو سہولت کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔

مزید پڑھیں : حکومت نے عازمین حج کو پہنچنے والے نقصان کا ذمہ دار کسے ٹھہرایا؟

انہوں نے کہا کہ رواں برس نجی حج اسکیم کے تحت رواں برس 25 ہزار عازمین جاسکیں گے۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ 14 فروری کی ڈیڈ لائن تک صرف تین ہزار 600 لوگوں نے رقم جمع کروائی۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز عازمین کو پہنچنے والے نقصان کے ذمہ دار ہیں، جنہوں نے غفلت کی ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں