اسلام آباد : حج آپریشن کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، کل سے عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔
اس حوالے سے ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستان سے پہلی حج پرواز کل 29 اپریل کو صبح پونے 5 بجے اسلام آباد سے روانہ ہوگی۔
وزیر مذہبی امور سردار یوسف، سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی عازمین کو رخصت کرینگے، سرکاری حج اسکیم کے تحت 342 پروازوں کے ذریعےعازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت 89 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا، پاکستان سے آخری حج پرواز 31 مئی کو روانہ ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کا آپریشن 33 روز جاری رہے گا، اسلام آباد ائیر پورٹ سے100پروازوں میں 28 ہزار 400 عازمین حجاز مقدس روانہ ہونگے۔
روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت7 خصوصی امیگریشن کاؤنٹرز تیار کیے گئے ہیں، حج پروازوں کے آغاز پر پہلے 15 روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔
حج آپریشن کے پہلے روز 6 پروازیں سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گی، کل 29 اپریل کو لاہور سے 2 اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، ملتان سے ایک، ایک پرواز روانہ ہوگی۔
اسلام آباد سے 29 اپریل کو پی کے 713 صبح پونے 5 بجے 393 عازمین حج کو لے کرروانہ ہوگی، لاہور سے پرواز پی ایف7700صبح ساڑھے8بجے 150 عازمین کو لےکر مدینہ منورہ جائے گی۔
کوئٹہ سے پرواز پی کے7201صبح ساڑھے 9 بجے 150 مسافروں کے ساتھ روانہ ہوگی، جبکہ ملتان سے پرواز پی کے 715 رات 8بج کر 15 منٹ پر393 عازمین کو لے کر جائے گی۔
کراچی سے پرواز ای آر 1611رات ساڑھے 9 بجے 285 عازمین کے ہمراہ سعودیہ جائے گی، لاہور سے دوسری پرواز پی کے 747 رات سوا 10 بجے 329 عازمین کے ساتھ رات روانہ ہوگی۔