مناسک حج کا آج آغاز ہوگیا ہے اور عازمین منیٰ پہنچ گئے ہیں کل رکن اعظم وقوف عرفات ادا کیا جائے گا مسجد نمرہ میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مناسک حج کا آغاز ہوگیا ہے اور عازمین منیٰ پہنچ گئے ہیں جہاں ان کے لیے دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی بسائی گئی ہے۔ عازمین آج رات منیٰ میں قیام کریں گے اور کل نماز فجر کی ادائیگی کے بعد میدان عرفات پہنچیں گے جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کیا جائے گا۔
لاکھوں حجاج کرام کے استقبال کے لیے مسجد نمرہ میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ یہ دنیا کی واحد مسجد ہے جو سال میں ایک بار کھلتی ہے۔
مسجد نمرہ ایک لاکھ 10 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہے جس کے اندر ساڑھے تین لاکھ افراد کی گنجائش ہے۔ مسجد کے اندر اور باہر لگ بھگ 20 لاکھ عازمین حج ظہر اور عصر کی نماز ایک اذان اور دو تکبیرات کے ساتھ ادا کریں گے اور یہیں سے خطبہ حج ہوگا۔