مکہ مکرمہ: نئے سال میں حج کوٹا کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات جمعرات سے ہوں گے، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور گزشتہ دنوں ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ حج 2017ء سے متعلق معاہدوں کی توثیق کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچے ہیں۔
ان کے ہمراہ وفاقی سیکریٹری مذہبی امور خالد مسعود چوہدری ،جوائنٹ سیکریٹری حج طاہر احسان، وزارت کے آئی ٹی ایکسپرٹ عبد الحکیم خٹک اور ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا عمران بشیر خان بھی موجود ہیں۔
اسی سے متعلق:سعودی شاہ نے حج کوٹا بڑھانے کی منظوری دے دی
اپنے دورے میں بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ 20 فیصد حج کوٹے کی بحالی کا عندیہ مل چکا ہے، مزید حج کوٹے کے حصول کی کوشش کریں گے۔
سعودی عرب میں قیام کے دوران سردار یوسف دفتر امور حجاج پاکستان مکہ مکرمہ جائیں گے جہاں پاکستانی وفد کو آئندہ حج انتظامات سے متعلق ڈی جی حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی بریفنگ دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا پاکستانی حج کوٹا بحال کرنے کا فیصلہ
وفاقی وزیر مذہبی امور کا مدینہ منورہ میں بہتر رہائشوں کے حصول کے لیے مدینہ منورہ کے سعودی محکمہ ’’مؤسسہ ادلّہ‘‘ کے چیئرمین کے ساتھ بھی اہم اجلاس متوقع ہے۔
بعد ازاں سردار یوسف اپنے وفد کے ہمرہ مکہ مکرمہ میں سعودی وزیر حج سے ملاقات سمیت دیگر امور انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ سعودی شاہ نے پاکستانی سمیت دنیا بھر کے ممالک کا حج کوٹا بڑھانے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت پاکستان کا حج کوٹا 20 فیصد بڑھایا جائے گا تاہم پاکستان حج کوٹا میں مزید اضافے کا خواہش مند ہے، اضافہ کتنا ہوا اس بات کا فیصلہ مذاکرات میں ہوگا۔