فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے دہشتگرد اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جنگ بندی معاہدے پر جان بوجھ کر عملدرآمد میں تاخیر کر رہا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان حماس نے بتایا کہ اسرائیلی فوج فلسطینیوں کو شمالی غزہ جانے سے روک رہی ہے، جنف بندی معاہدے پر عملدرآمد میں رکاوٹ کا ذمہ دار اسرائیل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ جنگ بندی معاہدے کی کامیابی اسرائیلی عمل پر منحصر ہوگی، حماس
حماس نے بتایا کہ اعلیٰ سطح وفد قاہرہ کے سرکاری دورے پر بھیج رہے ہیں جو مصر پہنچنے والے 70 قیدیوں کو وصول کرے گا، وفد کی مصری حکام سے جنگ بندی کے اگلے مرحلے پر بات ہوگی، 70 قیدیوں کو مصر سے ترکیہ، تیونس اور الجزائر بھیجا جائے گا۔
اسرائیل اور حماس میں جنگ بندی معاہدے کے بعد قیدیوں کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے۔ حماس نے آج اسرائیلی فوج کی 4 خواتین یرغمالی اہلکاروں کو ہلال احمر کے حوالے کیا جبکہ اسرائیل نے بدلے میں 200 فلسطینی قیدی رہا کیے۔
اس سے قبل حماس نے 3 اسرائیلی یرغمالی خواتین کو ریڈکراس کے حوالے کیا تھا جنہیں عملے کے ارکان اپنی گاڑیوں میں لے کر روانہ ہو گئے تھے۔
یرغمالی خواتین کی رہائی کا عمل پورا ہونے پر اسرائیل نے 90 فلسطینیوں کو رہا کر دیا تھا، اسرائیلی قید سے رہائی پانیوالوں میں 69 فلسطینی خواتین اور 21 بچے شامل تھے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جیل حکام معاہدے کے مطابق فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے طریقہ کار پر کام کر رہی ہے۔