جنگ بندی ختم کر کے نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری کے جواب میں یمن کے حوثیوں اور حماس نے اسرائیل کے بن گوریون ایئرپورٹ پر میزائل حملے کیے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق حوثیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بین گوریون ہوائی اڈے کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔ حوثیوں کے ترجمان یحییٰ ساری نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ "یمن کی مسلح افواج نے فلسطین-2 ہائپرسونک بیلسٹک میزائل سے مقبوضہ جافا کے علاقے میں بن گوریون ہوائی اڈے کو نشانہ بناتے ہوئے ایک معیاری فوجی آپریشن کیا۔
آپریشن میں کامیابی سے اپنا مقصد حاصل کر لیا گیا”۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ فضائیہ نے یمن سے داغے گئے میزائل کو ملک کی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔
حماس کے مسلح ونگ، قسام بریگیڈز نے غزہ پر اسرائیل کے جاری حملوں کے جواب میں تل ابیب کی طرف راکٹ داغنے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
غزہ سے راکٹ داغے جانے سے اسرائیل کے بین گوریون ہوائی اڈے پر پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ وسطی اسرائیل میں سائرن بجنے سے تل ابیب کے بین گوریون ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک میں خلل پڑا ہے اور کم از کم چھ سویلین پروازوں کو ری ڈائریکٹ کیا گیا۔