حماس نے اسماعیل ہنیہ کے جانشین کے انتخاب کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد فلسطینی گروپ کے نئے سربراہ کے انتخاب کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے۔
حماس نے اتوار کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارے قائد کی شہادت کے بعد تحریک کے رہنماؤں نے نئے سربراہ کے انتخاب کے لیے اس کے تنظیمی ڈھانچے اور مشاورتی اداروں کے اندر ایک وسیع مشاورتی عمل شروع کر دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہنیہ کا قتل صرف حماس اور فلسطینی مزاحمت کو مزید مضبوط اور اپنے راستے اور نقطہ نظر کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم بنائے گا۔
گروپ نے کہا کہ مشاورت کے نتائج مکمل ہوتے ہی ان کا اعلان کر دیا جائے گا۔
حماس کی صف اول کی قیادت میں سے یحییٰ سنوار اس وقت غزہ میں، زہیر جبارین مغربی کنارے میں، خالد مشعل بیرون ملک اور سلامہ کتاوی جیل میں قید ہیں۔
حماس کا سیاسی دفتر ان تمام ونگز کی نگرانی کرتا ہے اور اسماعیل ہنیہ اس دفتر کے سربراہ تھے۔