فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے سربراہ محمد ضیف و دیگر اعلیٰ کمانڈرز کی شہادت کی تصدیق کر دی۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق حماس فوجی ونگ کے سربراہ محمد ضیف گزشتہ سال اسرائیل سے جنگ کے دوران غزہ پٹی میں شہید ہوگئے تھے۔
اسرائیل نے اگست میں کہا تھا کہ اس نے پچھلے مہینے محمد ضیف کو شہید کیا لیکن حماس نے تصدیق نہیں کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ جنگ بندی معاہدے کی کامیابی اسرائیلی عمل پر منحصر ہوگی، القسام بریگیڈ
اسرائیل کا کہنا تھا کہ محمد ضیف 7 اکتوبر 2023 حملے کی منصوبہ بندی کرنے والوں میں سے ایک تھے جس میں 1,200 شہری ہلاک اور 251 کو یرغمال بنایا گیا تھا۔
سربراہ القسام بریگیڈ کو شہید یحییٰ سنوار کے نائب کے طور پر دیکھا جاتا تھا جو گزشتہ سال فرنٹ لائن پر اسرائیلی فوجیوں سے مقابلہ کرتے ہوئے محافظوں سمیت خالق حقیقی سے جا ملے۔
حماس رہنما ابو عبیدہ نے ان کے علاوہ نائب فوجی کمانڈر مروان عیسیٰ کی شہادت کی بھی تصدیق کی جبکہ شہادت پانے والوں میں کمانڈر غازی ابو تما، رائدتھابت اور خان یونس بریگیڈ کے کمانڈر رافع سلامہ بھی شامل ہیں۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم نے اسرائیل کی تمام جیلیں خالی ہونے تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔