حماس اور اسلامی جہاد نے مصر کی جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق دو مصری سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حماس اور اسلامی جہاد نے مصر کی اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ مستقل جنگ بندی کے بدلے غزہ کی پٹی کا کنٹرول چھوڑ دیں۔
حماس کے ایک اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ حماس ہمارے لوگوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت، قتل عام اور نسل کشی کو ختم کرنا چاہتی ہے اور ہم نے اپنے مصری بھائیوں کے ساتھ ایسا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ جارحیت روکنے اور امداد میں اضافے کے بعد، ہم قیدیوں کے تبادلے پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اسلامی جہاد کے ایک اہلکار نے علیحدہ طور پر کہا کہ قیدیوں کا کوئی بھی تبادلہ "سب کے لیے” کے اصول پر ہونا چاہیے جس کے لیے غزہ میں قید تمام اسیروں کے بدلے اسرائیل میں قید تمام فلسطینیوں کی رہائی کی ضرورت ہوگی۔