غزہ: حماس کے جنگ جوؤں نے مارٹر گولوں سے اسرائیلی کمانڈ سینٹر تباہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے ٹیلیگرام پوسٹ میں کہا ہے کہ اس نے غزہ شہر میں تل الحوا کے مغرب میں اسرائیلی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تباہ کر دیا ہے، صہیونی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا گیا۔
حماس کے عسکری ونگ نے یہ بھی کہا کہ اس نے اسرائیلی فوجیوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا جنھوں نے جنوبی غزہ میں خان یونس کے مغرب میں الحوز کے علاقے میں ایک گھر کے اندر خود کو بند کر رکھا تھا، اس آپریشن میں ہلاکتوں کی تعداد کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔
ادھر فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 107 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جب کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 27,585 افراد شہید اور 66,978 زخمی ہو چکے ہیں۔