غزہ : حماس کے ترجمان خالد قدومی نے اسرائیل کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین ہماری سرزمین ہے، ہم اپنی زمین چھوڑ کرکہیں نہیں جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی جانب سے 24 گھںٹے میں شہر خالی کرنے کی دھمکی پر حماس کے ترجمان خالد قدیمی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فلسطین کو ان کے وطن سے نکالنا اور انہیں ہجرت پر مجبور کرنا قبول نہیں، فلسطین ہماری سرزمین ہے۔
خالد قدیمی کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے بمباری کے بعد غزہ والوں کو علاقہ چھوڑنے کی دھمکی دی ، اسرائیل کی غزہ چھوڑنے کی دھمکی کوفلسطینیوں نے مسترد کردیا ہے ، غزہ والوں کے حوصلے بلند ہیں، اپنی زمین کو چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے۔
اسرائیل نے ہمارے حوصلے پست کرنے کیلئے خبر پھیلانا شروع کیا کہ غزہ کو چھوڑ کر کسی اور جگہ چلے جائیں لیکن فلسطینی عوام باشعور ہیں انہوں نے شہادتوں اور انسانی بحران کے باوجود اپنی زمین نہیں چھوڑی ، وہ ثابت قدم ہیں۔
یاد رہے اسرائیل نے غزہ کے 11لاکھ رہائشیوں کو 24 گھنٹے میں علاقہ خالی کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے غزہ سٹی کے رہائشی علاقہ خالی کردیں اور شہری غزہ کی پٹی کے جنوب میں چلے جائیں، غزہ سٹی میں شدت کا آپریشن ہوگا، حماس شہریوں کو انسانی ڈھال بنا رہی ہے۔