جنگ بندی معاہدے پر حماس نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قطر اور مصر کی سرپرستی میں معاہدے پر پہنچ گئے ہیں، 4 دن کے لیے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حماس کا کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کو روک دیا جائے گا، غزہ کے تمام علاقوں میں امداد کے سیکڑوں ٹرک پہنچائے جائیں گے۔
معاہدے کے مطابق غزہ کی فضائی حدود مکمل طور پر بند رہیں گی، اسرائیل جنگ میں وقفے کے دوران غزہ میں کسی کو گرفتار نہیں کرے گا، آئندہ ہر 10 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی پر لڑائی میں ایک روز کا وقفہ دیا جائے گا۔
دوسری جانب قطر کی جانب سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں وقفے کااعلان کر دیا گیا ہے، آج صبح اسرائیلی کابینہ نے جنگ میں وقفے کی منظوری دی تھی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق انسانی بنیادوں پر جنگ میں وقفہ کیا جائے گا، جنگ میں وقفے کا آغاز 24 گھنٹے کے اندر ہوگا۔
قطر وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت درجنوں فلسطینی اور اسرائیلی قیدیوں کاتبادلہ ہوگا،جبکہ 4 دن تک جنگ میں وقفہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی کابینہ نے حماس کیساتھ عارضی جنگ بندی کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت درجنوں فلسطینی اوراسرائیلی قیدیوں کا تبادلہ کیا جائے گا۔