اسلام آباد : پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ اگر حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے پر نہ مانی تو مذاکرات کا اگلا دور نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اور حکومت کےدرمیان مذاکرات کا تیسرا دور جاری ہے، صاحبزادہ حامد رضا نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اگر جوڈیشل کمیشن بنانے پرنہیں مانی تو تو مذاکرات کا اگلا سیشن نہیں ہوگا۔
صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کا حکومت کو بتائیں گے ہے حکومت آج ہی رسپانس کر دے، 2 مطالبات پر عمل ہو جائے تو اگلے مرحلے میں چاہیں گے کمیشن آزادی سے کام کرے۔
رکن کمیٹی نے کہا کہ عرفان صدیقی صاحب نے معجزے کی بات کی تواللہ کرےہو جائے۔
چیف آف آرمی اسٹاف کیساتھ میٹنگ میں بیرسٹر کی موجودگی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر امن و امان کے حوالے سے چیف آف آرمی اسٹاف کیساتھ میٹنگ میں موجودتھے، ان کی الگ سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے آج مذاکرات ہوں گے ، ہم آج اپنا تحریری موقف حکومت کو دیں گے، اب آگےحکومت کا ردعمل دیکھنا ہے کہ حکومت کتنی سنجیدگی دکھاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کودیکھتےہوئےہم مذاکرات کررہے ہیں، ہم نے حکومت کو مذاکرات کے نتائج نکالنے کا موقع دیا ہے اب دیکھنا ہے حکومت ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کیلئے کیا کرتی ہے، فارم 47 کے حوالے سے ہمارا مؤقف وہی ہے۔