سرگودھا : پیر حمیدالدین سیالوی نے نواز لیگ سے علیحدگی کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ رانا ثناءاللہ سے استعفیٰ نہیں لیا گیا لہٰذا حکومت کی حمایت نہیں کرسکتے۔
تفصیلات کے مطابق پیرحمید الدین سیالوی نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ختم نبوت کے معاملے پر غلط بیانی سے کام لیا، اب آئندہ الیکشن میں ہم نواز لیگ کا ساتھ نہیں دیں گے اور فیصل آباد کے جلسے میں اراکین اسمبلی باقاعدہ استعفے دیں گے۔
اس حوالے سے ان کے صاحبزادے خواجہ قاسم نے بتایا ہے کہ وزیر قانون کی جانب سے ایک بیان میں قادیانیوں کو مسلمان کہنے پر ہم نے حکومت پنجاب سے رانا ثنا ءاللہ کا استعفیٰ طلب کیا تھا، جس پر وعدے کے باوجود حکومت پنجاب نےآستانہ عالیہ سیال شریف کی دی گئی ڈیڈ لائن پر عمل نہیں کیا، لیگی رہنما استعفوں کے معاملے پر مسلسل جھوٹ بول ر ہے ہیں۔
ناراض لیگی رہنماﺅں کے استعفوں کی تعداد میں کمی کی بجائے بتدریج اضافہ ہوگا، 10 دسمبر کو دھوبی گاٹ جلسے کے بعد ہم ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کریں گے اور اسے جلسے میں ناراض لیگی رہنماءاستعفے بھی دیں گے۔
پیر قاسم سیالوی نے اس موقع پردھوبی گاٹ جلسے کے بعد قادیانیوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان بھی کیا
لہٰذا ہم حکومت سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنا کےاستعفے پرقائم ہیں، دھرنے والوں سے کوئی غرض نہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی کے استعفوں سے متعلق فیصلہ دس دسمبر کو فیصل آباد میں ہونے والی کانفرنس میں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان استعفوں میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوگا کیونکہ ہمیں متعدد ٹیلی فون کالز موصول ہو رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: رانا ثناء مستعفی نہ ہوئے تو استعفوں کی لائن لگ جائے گی، نظام الدین سیالوی
یاد رہے کہ پیر حمید الدین سیالوی نے ناموس رسالت کے معاملے پر تین دسمبر کی ڈیڈ لائن دی تھی اور دھمکی تھی کہ رانا ثناءاللہ کا استعفیٰ نہ آیا تو ن لیگ کے درجن سے زائد اراکین اسمبلی استعفے دیدیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے پیر حمید الدین سیالوی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کے استعفے سے متعلق مہلت بھی طلب کی تھی، تاہم مہلت کا وقت گزرنے کے بعد بھی وعدے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
چند روز قبل ترجمان نواز لیگ زعیم قادری نے بھی پیر حمید الدین سیالوی سے ملاقات کی تھی، انہوں نے ملاقات میں راناثناءاللہ کو ان کی خدمت میں پیش کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔