اسلام آباد: وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی کے ذریعے غربت میں کمی کی جاسکتی ہے، حکومت معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ اداروں کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن (ایس ای سی پی ) میں تقریب سے خطاب کیا، اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے معاشی وسائل کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی معیار کی کیپٹل مارکیٹ قائم کر رہا ہے، مضبوط کیپٹل مارکیٹ سے معاشی بہتری آئے گی۔ معاشی ترقی کے ذریعے غربت میں کمی کی جاسکتی ہے۔ حکومت معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ اداروں کو مضبوط کیا جا رہا ہے، گورننس بہتر کی جا رہی ہے۔
تقریب کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پر مثبت عملدرآمد ہو رہا ہے، ایف اے ٹی ایف کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس ستمبر میں ہوگا۔ پاکستان اپنی رپورٹ جوائنٹ ورکنگ گروپ کو پیش کرے گا۔
حامد اظہر کا کہنا تھا کہ رپورٹ پر مثبت پیشرفت ہوئی ہے، امریکی وفد نے پاکستان کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ برطانیہ کے پولیٹیکل قونصلر کو آج بریفنگ دی جائے گی۔ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ مل کر لابنگ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں بھارت ویٹو کے اختیارات کو استعمال نہ کر سکے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی بڑی کامیابی ہے۔ اسٹیٹ بینک کو با اختیار کرنا ضروری تھا۔ اسٹیٹ بینک ماضی میں وزارت خزانہ سے ڈکٹیشن لیتا تھا۔