اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کا کہنا ہے کہ شفاف اور جواب دہ پاکستان کے لیے شہریوں کی آواز اٹھنا ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور گڈ گورننس کے حل کا حصہ بننے کے لیے ڈیمو کریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاؤنٹبلٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ شفاف اور جواب دہ پاکستان کے لیے شہریوں کی آواز اٹھنا ضروری ہے، خوشی ہے اس پراجیکٹ نے شہریوں کو آواز بلند کرنے کے لیے بااختیار بنایا۔
اس سے قبل ایک موقع پر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ معیشت کی مکمل بحالی و ترقی کے لیے یکسوئی اور پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔ آئی ایم ایف کا ریویو معاشی اصلاحات کی کامیابی کی خبر دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ ادوار کی بدترین معاشی مینجمنٹ قوم کے لیے کئی تکالیف کا سبب بنی، موڈیز نے پاکستان کو مستحکم سے نکال کر منفی درجے میں شامل کرلیا، حکومت کی 15 ماہ کی انتھک محنت کے بعد موڈیز نے منفی کا لیبل ہٹا کرمستحکم کیا۔
حماد اظہر کا مزید کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 73 فیصد کمی قوم کے لیے بڑی خوشخبری سے کم نہیں ہے۔ نومبر 2018 میں خسارہ 1166 ملین ڈالرز تھا۔ نومبر 2019 میں خسارہ 319 ملین ڈالرز کی سطح تک کم ہوچکا ہے۔