اسلام آباد: ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک دن میں 23 ہزار 633 میگاوٹ بجلی کی ریکارڈ ترسیل کی گئی، جس پر وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہرنے مبارک باد پیش کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈیسپچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے ترسیلی نظام سے 23 ہزار 633 میگاواٹ بجلی کی کامیابی سے ترسیل کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال10جون کو زیادہ سے زیادہ 18392 میگاواٹ بجلی فراہم کی گئی تھی۔ محکمہ توانائی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’اس سال18.4 فیصد یعنی 5241 میگاواٹ زیادہ بجلی کی ترسیل کی گئی، جو ملک کی تاریخ میں پہلی بار ممکن ہوا‘۔
ترجمان کے مطابق بجلی کی زیادہ کھپت پاور سیکٹر میں مثبت پیداوار کی نشاندہی ہے، بجلی کی ترسیل کے دوران این ٹی ڈی سی کا سسٹم مستحکم رہا اور معمول کے مطابق کام کرتا رہا‘۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے توانائی نے بجلی کی کامیاب اور ریکارڈ ترسیل پر مبارک باد پیش کی ہے۔
Forced load-shedding was carried out between 3-6 pm in some areas as demand increased further and further supply being added. https://t.co/RkYqGMvof9
— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) June 11, 2021
قبل ازیں حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ ملک میں کہیں لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی البتہ چند علاقے ایسے ہیں جہاں تین سے چھ گھنٹے واجبات کی عدم ادائیگی یا چوری کی بنیاد پر بجلی بند کی جارہی ہے۔
حماد اظہر نے کہا کہ 48 گھنٹوں کے دوران سسٹم میں 1500میگا واٹ بجلی شامل کی گئی جبکہ مزید بجلی سسٹم میں آج شامل کی جائے گی، سسٹم میں تکنیکی مسائل کے باعث بجلی کی بندش کا سامنا ہوسکتا ہے۔