اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار حماد اظہر کا کہنا ہے کہ سخت فیصلے نہ کرتے تو دیوالیہ ہونے پر صورتحال بہت خراب ہوتی، پوری کوشش ہے کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار حماد اظہرنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آج سے ہم نے سیاسی سرگرمیوں کوایس اوپیز کے تحت بحال کیا ہے، تحریک انصاف کے نمائندوں کو ایس اوپیز کے ساتھ کھلی کچہریوں کی ہدایت کی ہے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک دیوالیہ معیشت کو سنبھالا دینا پڑا، صنعت اورمعیشت میں بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں، سیمنٹ کی فروخت اور مصنوعی کھادوں کی طلب بڑھ چکی ہے۔
وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار نے کہا کہ ہمارے سعودی عرب سے برادرانہ تعلقات ہیں وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں ایک مثالی تقریر کی، ہم تمام ممالک سے اچھے تعلقات ہیں لیکن کشمیریوں کے لیے بھی جذبات ہیں، کشمیریوں کے لیے جذبات کا ہر فورم پر اظہارکرتے رہیں گے اور کشمیر پر اپنی آزادانہ رائے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دوست ممالک سے رقوم شیڈول کے تحت ہی واپس کرنی ہیں، پاکستان کے قوانین اور ضوابط دیگر ممالک سے پیچھے تصورکیے جاتے تھے، حالیہ قانون سازی سے ایف اے ٹی ایف سے متعلق مدد ملے گی۔
حماد اظہر نے کہا کہ موڈیز کے مطابق ہمیں جو معیشت ملی اس کی حالت خراب تھی، ہمیں معیشت کے حوالے سے کچھ سخت فیصلے کرنے پڑے، سخت فیصلوں اور مافیا پر ہاتھ ڈالنے کا ردعمل قیمتیں بڑھنےکی صورت سامنے آیا، اس حوالے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا، جس کا ہمیں احساس ہے، آخری دو سال میں ان کی کارکردگی ایسی تھی جیسے ان کو حکومت نہیں ملنے والی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خطےکےدیگرممالک میں ایسے پیکج نظرنہیں آئے جو ہم نے دیے، آنے والے دنوں میں ہمیں قیمتوں میں بہتری نظر آئے گی، پوری کوشش ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا جائے، سخت فیصلے نہ کرتے تو دیوالیہ ہونے پر صورتحال بہت خراب ہوتی۔
انھوں نے مزید کہا کہ موڈیزنے پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری ظاہر کی، پاکستان گرے لسٹ میں ن لیگ کے دور میں گیا ، ایف اے ٹی ایف کے 27 میں سے 14 ایکشن آئٹم مکمل کرلیے ہیں۔