ٹوکیو : جاپان میں یونیورسٹی کی ایک مشتعل طالبہ نے ہتھوڑے کے وار سے 8 افراد کو زخمی کردیا، پولیس نے ملزمہ کو موقع واردات سے گرفتار کرلیا۔
جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ طالبہ کو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہوزی یونیورسٹی کے ایک کیمپس سے حراست میں لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمہ نے ایک طالب علم پر ہتھوڑے سے حملہ کیا جس کو معمولی چوٹیں آئیں، حملے کی زد میں آنے والے دیگر طلبہ کو بھی معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
گرفتار ملزمہ کا کہنا ہے وہ نظر انداز کیے جانے پر فرسٹریشن کا شکار تھی، تاہم پولیس نے میڈیا کو واقعے کی دیگر تفصیلات سے تاحال آگاہ نہیں کیا۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کے عینی شاہد یونیورسٹی کے طالب علم نے واقعہ کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ حملہ آور لڑکی کے چہرے پر بظاہر تو کوئی خاص تاثرات نہیں تھے، ایسا نہیں لگتا تھا کہ وہ ہتھوڑے کے وار سے کسی خاص شخص کو اپنا نشانہ بنانا چاہتی تھی۔
عینی شاہدین نے مزید بتایا کہ حملہ آور طالبہ نے ہتھوڑا بغیر نشانہ لیے گھمایا تھا جس کے باعث ہتھوڑے کے وار سے کلاس کی پچھلی نشستوں پر بیٹھے طلبہ زد میں آگئے، اس وقت وہاں موجود سب لوگ خوف زدہ تھے۔
واضح رہے کہ جاپان میں پرتشدد جرائم کی شرح انتہائی کم ہے، جس کی ایک بڑی وجہ سخت اسلحہ قوانین ہیں، تاہم کبھی کبھار چھریوں سے حملے اور فائرنگ کے واقعات پیش آتے ہیں۔
اس سے قبل ایک واقعے میں گزشتہ ماہ دسمبر میں جنوب مغربی جاپان کے ایک ریسٹورنٹ میں ہائی اسکول کے طالب علم کو چاقو کے وار سے قتل کر دیا گیا جبکہ ایک اور طالب علم زخمی ہو گیا تھا۔ اس حملے کے الزام میں ایک شخص کو بعد میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ جنوری 2022 میں جاپان بھر میں کالج کے داخلہ امتحانات سے پہلے ٹوکیو یونیورسٹی کے باہر تین افراد پر چھریوں سے حملہ کیا گیا تھا۔