لندن: آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہو گیا۔
تفصیلات کےمطابق لندن میں اوول کے میدان پر بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 45 ویں اوور میں 182 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
تمیم اقبال جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف بھی سنچری اسکور کی تھی اس بار صرف پانچ رنز کی دوری پر ٹورنامنٹ کی دوسری سنچری اسکور کرنے میں ناکام رہے۔ان کی 95 رنز کی اننگز تین چھکے اور چھ چوکوں شامل ہیں۔
مشفق الرحیم صرف نو رنز ہی سکور کرسکے۔ شکیب الحسن بھی 29، صابر رحمان اور محمد اللہ صرف آٹھ، آٹھ رنز ہی بنا سکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلر مچل سٹارک رہے جنہوں نے ایک ہی اوور میں تین وکٹیں لیں اور مجموعی طور پر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت نے پاکستان کو 124رنز سے شکست دے دی
آسٹریلوی ٹیم ہدف کے تعاقب میں جب 16ویں اوور کے اختتام پرپہنچی تو اس کا ا سکور 83 رنز تک پہنچ گیا تھا۔ اس وقت کریز پر ڈیوڈ وارنر اور سٹیو سمتھ موجود تھے۔
آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز ایرون فنچ تھے جو 19 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ایک، ایک میچ کھیل چکی ہیں۔
بنگلہ دیش نے اپنا پہلا میچ میزبان انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا جس میں انگلینڈ نے آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
دوسری جانب آسٹریلیا نے اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا جو بارش کی نذر ہو گیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ ملا تھا۔
واضح رہےکہ اب تک چیمپیئنز ٹرافی میں شامل تمام آٹھ ٹیمیں اپنے اپنے ابتدائی میچز کھیل چکی ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں