معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے ’جانِ جہاں‘ کے سیٹ سے اداکارہ عائزہ خان کے ساتھ تصویر شیئر کردی۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار حمزہ علی عباسی نے عائزہ خان کے ساتھ تصویر شیئر کی جس میں انہیں خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔
حمزہ علی نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں کردار کا نام ’شہرام اور ماہ نور لکھا۔‘
انہوں نے چند گھنٹوں قبل یہ تصویر شیئر کی جسے ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس پر تعریفی کمنٹس بھی کررہے ہیں۔
مداحوں کی جانب سے حمزہ عباسی اور عائزہ خان کو پسندیدہ آن اسکرین جوڑی قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’جانِ جہاں‘ میں حمزہ علی عباسی ’شہرام‘ اور عائزہ خان ’ماہ نور‘ کا مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔
ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں سویرا ندیم، مریم نفیس، رضا تالش، نوال سعید ودیگر شامل ہیں۔
جانِ جہاں کی ہدایت کاری کے فرائض قاسم علی مرید نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی ردا بلال نے لکھی ہے۔
ڈرامہ سیریل ’جانِ جہاں‘ کی پہلی قسط 22 دسمبر بروز جمعہ کو نشر کی گئی تھی اور ناظرین ہر جمعے اور ہفتے کی رات 8 بجے ڈرامہ دیکھ سکیں گے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ حمزہ علی عباسی اور عائزہ خان نے 2013 میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’پیارے افضل‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔