کراچی: اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے دھرنے کا اعلان واپس لینے کے فیصلے کو یوٹرن قرار دینا اور اُس پر تنقید سمجھ سے بالا تر ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے حمزہ عباسی کا کہنا ہے کہ ’’میں 2 نومبر کو عمران خان کی جانب سے دھرنے کا اعلان واپس لینے پر ہونے والی تنقید کو سمجھنے سے قاصر ہوں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مطالبے پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیا، اگر وہ اس کے باوجود دھرنا دیتے تو چیئرمین تحریک انصاف پر بغاوت کا لیبل لگ جاتا، عمران خان نے استعفیٰ یا احتساب شروع کرنے کا مطالبہ کیا تھا، آج عمران خان نے 4 دن میں وہ کامیابی حاصل کرلی جو قوم کو 8 ماہ میں نہیں مل سکی تھی۔
پڑھیں: اسلام آباد دھرنا عوام کے لیے نادر موقع ہے، حمزہ عباسی
انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان سپریم کورٹ کے نوٹس لینے کے باوجود دھرنا دیتے تو وہ غدار اور خود غرض سیاست دان قرار دے دیے جاتے،اس جدوجہد کو حکومت وزیر اعظم بننے کا نام دیتی۔