اسلام آباد : وفاقی وزارت داخلہ نے حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ سے نکال دیا، ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کو 10 روز کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی ، حمزہ شہباز کسی بھی وقت بیرون ملک روانہ ہوسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نےحمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ سےنکال دیا، حمزہ شہبازشریف کسی بھی وقت بیرون ملک روانہ ہوسکتے ہیں ، بیرون ملک دورے کے دوران وہ عزیزوں سے ملاقات کریں گے۔
یاد رہے 16 جنوری کو ہائی کورٹ نےحمزہ شہباز کو 10روز کے لئے بیرون ملک جانےکی اجازت دی تھی اور کہا تھا کہ حمزہ شہباز 10دن کے بعدواپس آ کر انکوائری کا سامنا کریں جبکہ ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا تھا۔
دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا تھا کہ حمزہ شہباز کی درخواست ناقابل سماعت ہے، درخواست گزار کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرناچاہیے، لاہور ہائی کورٹ کودرخواست کی سماعت کا اختیار نہیں، ایف آئی اے کا ہیڈکوارٹراسلام آباد ہے، ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں وہیں سے نام شامل کیاگیا۔
مزید پڑھیں: حمزہ شہباز شریف کو 10دن کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی
عدالت نے استفسار کیا تھا کہ وفاق اسلام آباد تک محدود ہے ، عدالت کو غیرجانبدار رہنے دیں، ملک کوبناناری پبلک نہ بنائیں، ایف آئی اے ایئر پورٹ، ریلوے اسٹیشن پر بیٹھی ہے؟ ایسی جگہوں پرعدالت کادائرہ اختیار کیوں نہیں۔
اےاےجی کا کہنا تھا کہ ای سی ایل میں نام شامل نہیں کیا بلکہ پاسپورٹ کو بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، درخواست میں کہا گیا تھا کہ ان کا نام غیر قانونی طور پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا، طبی وجوہات کی بنا پر بیرون ملک جانا چاہتا ہوں، عدالت ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ 11 جنوری 2019 کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چنیوٹ میں رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس مکمل کرکے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ملزم نامزد کیا تھا، چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس عدالت میں دائر کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس وقت شریف خاندان کے مختلف افراد کو بدعنوانی کے الزامات کے تحت مقدمات کا سامنا ہے، جن میں شہباز شریف کے صاحب زادہ حمزہ شہباز بھی شامل ہیں۔