لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، اسپیکر قومی اسمبلی نے حمزہ شہباز سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری گورنر ہاؤس لاہور کے سبزہ زار میں ہوئی ، حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
وفاقی وزرا، اہم سیاسی شخصیات نے بڑی تعداد میں تقریب حلف برداری میں شرکت کی جبکہ مریم نواز بھی شریک ہوئیں۔
حلف برداری سےقبل چیف سیکرٹری پنجاب نےلاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ پڑھ کر سنایا ، جس کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھایا ، لاہور ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے ان سے حلف لیا۔
خیال رہے پہلی بارپاکستان میں تاریخ رقم ہوئی، جب باپ وزیراعظم پاکستان اور بیٹا وزیراعلیٰ پنجاب ہیں۔
اس موقع پر ناخوشگوارواقعے سے نمٹنے کے لیے گورنرہاؤس کےاطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور گورنر ہاؤس آنے جانے والے راستے بند کردیئے گئے تھے۔
پولیس نے واٹرکینن بھی مال روڈ گورنر ہاؤس کے گیٹ پرمنگوائی تھیں اور گورنر ہاؤس پر1400سے زائد پولیس اہلکاراورافسران تعینات کئے گئے جبکہ گورنر ہاؤس اسٹاف کے علاوہ کسی کو داخلےکی اجازت نہیں تھی۔