پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کے نام سے منسوب پہلگام واقعے سے متعلق پوسٹ کی حقیقت سامنے آگئی۔
گزشتہ دنوں اداکارہ ہانیہ عامر کے نام سے انسٹاگرام پوسٹ کا اسکرین شاٹ وائرل ہوا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ بھارت پہلگام میں ہونے والے واقعے کی سزا عام پاکستانیوں کو نہ دے۔
پوسٹ کے الفاظ اور جملوں سے ہی اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ اداکارہ الفاظ اور خیالات نہیں، علاوہ ازیں ہانیہ کے نام سے وائرل پوسٹ کے اسکرین شاٹ میں نظر آنے والی پروفائل تصویر سے بھی واضح ہوتا ہے کہ وہ ان کی جانب سے کی گئی پوسٹ نہیں۔
لیکن اس کے باوجود سوشل میڈیا بالخصوص بھارتی سوشل میڈیا پر اداکارہ کی پوسٹ وائرل ہورہی تھی جس سے اداکارہ کے مداحوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تاہم اب ہانیہ عامر نے وائرل پوسٹ کی حقیقت بیان کردی ہے۔
اداکارہ ہانیہ عامر نے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری ایک اسٹوری میں لکھا کہ حال ہی میں میرے نام سے ایک بیان منسوب کیا گیا جو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہا ہے۔
"میں واضح طور پر کہتی ہوں کہ یہ بیان جھوٹا ہے، میرا اس سے کوئی تعلق نہیں، نہ میں ایسی باتوں کی تائید کرتی ہوں اور نہ یہ میرے نظریات کی نمائندگی کرتا ہے، یہ ایک نہایت حساس اور دکھ بھرا وقت ہے، اس کو سیاسی رنگ دینا اور الزامات کی سیاست کرنا صرف نفرت کو بڑھاتا ہے”
اداکارہ نے مزید لکھا کہ مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے اداکارہ نے مزید کہا کہ آپ کی محبت میرے لیے بہت اہم ہے، میں آپ سب سے بہت پیار سے کہہ رہی ہوں کہ کسی بھی پوسٹ کو شیئر کرنے سے پہلے ایک بار سچائی کو جانچ لیں۔