پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے کہا ہے کہ اتنی شہرت سے ڈر لگتا ہے کہ میں اللہ کو کیا جواب دوں گی؟
ہانیہ عامر نے حال ہی میں بی بی سی کو انٹرویو دیا تھا، جس کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے ذہنی صحت کے حوالے سے گفتگو کی۔
ہانیہ عامر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹنگ کے بارے میں کہا میں چاہتی ہوں کہ ہر کوئی خوش رہے، اگر کسی کو ذہنی صحت کے مسائل درپیش ہیں تو وہ یہ جان سکے کہ ان کا حل کیا ہے، وہ اپنا مسئلہ کس کے ساتھ بیان کر سکتے ہیں کیونکہ ذہنی صحت پر بات کرنا اب ممنوع نہیں سمجھا جاتا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتی کہ ذہنی صحت کے حوالے سے جن مشکلات کا سامنا میں نے کیا ہے وہ کوئی اور بھی کرے، ایک طویل عرصے سے ذہنی صحت پر بات کرنے کو ممنوع سمجھا جاتا تھا، شکر ہے کہ اب ایسا نہیں ہے۔
ہانیہ عامر نے کہا کہ میں ہمیشہ یہ کہتی ہوں کہ مجھے اپنی شہرت سے ڈر لگتا ہے کہ میں کل اللّٰہ تعالیٰ کو کیا منہ دکھاؤں گی؟ وہ مجھ سے سوال کریں گے تو کیا کہوں گی کہ میں نے کچھ فلمیں کیں، پوسٹ کیں اور بہت سارے پیسے کمائے؟
اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ مجھے سوٹ نہیں کرتا، میں ایسی نہیں ہوں، میری کوشش ہوتی ہے کہ میں لوگوں کے چہروں پر ہنسی لا سکوں، اسی لیے میں اپنی ویڈیوز کے ذریعے لوگوں کو ہنسانے کی کوشش کرتی ہوں، کم از کم میں ان کے چہروں پر مسکراہٹ تو لا رہی ہوں۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں ’شرجینا‘ کا مرکزی کردار نبھایا تھا جس میں ان کے ہمراہ فہد مصطفیٰ شامل تھے۔
ڈرامے میں نعیمہ بٹ، عماد عرفانی، اریج چوہدری، جاوید شیخ، بشریٰ انصاری ودیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
View this post on Instagram