لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے ایف بی آر افسران کو گاڑیاں نہ دینے کے معاملے پر سوال کیا کہ کیا افسران گدھا گاڑی پر جا کر ٹیکس اکٹھا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ دنوں ایف بی آر کی گاڑیوں پر شور مچا ہے ، ایف بی آر افسران کو گاڑیاں نہیں دیں گے تو وہ ٹیکس کیسے اکٹھا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی برآمدات بڑھ رہی ہے شرح سود کو کم کیا گیا ہے ، اب اس پر امریکااور روس میں مقابلہ بڑھ گیا ہے اور امریکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان سے اب گالم گلوچ کی سیاست ختم ہونی چاہیے، ہم سب پہلے پاکستانی ہیں اور اس کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے، یہ ملک ہمیشہ قائم رہے گا،یہاں کی معدنیات پرہر کسی کو اس کا حصہ ملے گا۔
مزید پڑھیں : ایف بی آر نے 1010 گاڑیوں کی خریداری کا معاملہ روک دیا
خیال رہے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے افسران کیلیے 1010 گاڑیوں کی خریداری کا معاملہ روک دیا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ خزانہ کمیٹی کو مطمئن کرنے تک گاڑیاں نہیں خریدیں گے، کمیٹی پہلے پیپرا رولز پر پیپرا اتھارٹی کو بلائے، جب تک پیپرا رولز پر کمیٹی مطمئن نہیں گاڑیوں کی خریداری منجمد رہے گی