وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان کا پانی بند کیا تو ہم آپ کی سانس بند کردیں گے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی قوم کو سوچنا ہوگا کہ اس نے مودی سے جان چھڑانی ہے یا اپنے ملک کی تباہی کرنی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پورے پاکستان کے ریلوےاسٹیشنز پر سولجر ڈیسک قائم کردی گئی ہے، بھارت کا ایک میزائل آیا تو ہمارے 200 میزائل آئیں گے، یاد رکھیں یہ مس ایڈونچر آپ کے گلے پڑجائے گا۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان آپ کے ہر موومنٹ کا جواب دینےکیلئے تیار بیٹھا ہے، نوازشریف نے آپ کے5دھماکوں کے جواب میں 6ایٹمی دھماکے کیے تھے، ایٹم بم کتابوں میں لکھنے پڑھنے کیلئے نہیں اپنی حفاظت کیلئے بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غوری، غزنوی اور شاہین میزائل چوک چوراہوں میں سجاوٹ کے لیے نہیں بنائے، یہ تمام میزائل ہم نے بھارت کیلیے ہی بنائے ہیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ پہلگام بس حملہ ایک بہانہ ہے، بھارت کا اصل ہدف سندھ طاس معاہدہ ہے جو پاکستان کے پانی کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔
وزیر اعظم نے ہر فورم پر فلسطین کے مسئلے کو اٹھایا ہے، آج دنیا کے سامنے دہشت گرد کو بےنقاب کرنے آیا ہوں، بھارت نے کاغذوں میں ہمیں دہشت گرد کہنے کی کوشش کی، دنیا کاسب سے بڑا دہشت گرد اسرائیل اور بھارت ہے، مسلمانوں کے خون سے اسرائیل کے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں، بھارت کے ہاتھوں ایک لاکھ کشمیریوں کا خون ہے۔
ہماری فوج نے کہہ دیا ہے کہ پانی بند ہوا تو جنگ کیلئے تیار رہو، پاکستان نے آپ کی فضائی حدود اور تجارت بند کی تو چیخیں نکل گئیں۔