ممبئی: معروف بھارتی فلمساز ہنسل مہتا نے بالی وڈ کی 44 سالہ خوبرو اداکارہ کرینہ کپور کی اداکاری کی صلاحیت پر روشنی ڈالتے ہوئے تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہدایت کاروں کی گول میز میٹنگ کے دوران ہنسل مہتا نے اپنی فلم ’دی بکنگھم مرڈرز‘ میں کرینہ کپور کی پرفارمنس پر بات کی۔
ہنسل مہتا نے کہا کہ کرینہ کپور ایک ایسی اداکارہ ہیں جن کا چہرہ لاکھوں کہانیاں بیان کرتا ہے مگر وہ یہ نہیں جانتیں، مزے کی بات ہے کہ وہ بالکل بے خبر ہیں اور بے خبر رہنا چاہتی ہے کہ وہ کس قابل ہیں۔
فلمساز نے اداکارہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’آپ کیمرہ لگائیں اور آپ ان کے قریب جانے پر مجبور ہو جاتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ کرینہ کپور اپنی صلاحیت کے بارے میں کچھ نہیں بتاتی بلکہ وہ آ کر کہتی ہیں ’میں تیار ہوں‘، مگر میں جانتا ہوں کہ وہ اندرونی طور پر کسی چیز سے گزر رہی ہیں، آپ سب جانتے ہیں ایک ماں کا غم کیا ہوتا ہے، وہ اس غم سے گزر رہی ہیں لیکن اس بارے میں کبھی بات نہیں کرتیں۔
ہنسل مہتا نے انکشاف کیا کہ ’دی بکنگھم مرڈرز‘وہ فلم ہے جو میں نے 2018 میں کورونا وبا سے پہلے سائن کی تھی اور یہ ایک عہد بن گئی، جب یہ فلم کوئی کرنے کو راضی نہیں تھا تو میں نے کرینہ کپور کو فون کیا، ہم نے زوم کال پر گفتگو کی اور انہوں نے سامنے سے کہا کہ ’مجھے یہ پسند ہے اور میں یہ کرنا چاہتی ہوں‘۔
فلمساز کے الفاظ نے کرینہ کپور کے خاموش مگر گہرے تخلیقی عمل کی ایک واضح تصویر پیش کی جس میں جذبات کو اندرونی بنانے اور انہیں اسکرین پر زندہ کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔
فلم میں کرینہ کپور کو ایک مکمل جاسوس کے کردار میں دکھایا گیا۔ انہوں نے مرکزی کردار انتہائی خوب نبھایا جو ایک برطانوی-ہندوستانی جاسوس ہوتا ہے۔