تازہ ترین

سعودی عرب: یکم اکتوبر سے حرمین ٹرین کے آغاز کا اعلان

ریاض: سعودی عرب میں یکم اکتوبر سے حرمین ٹرین کے آغاز کا اعلان کردیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ نبیل العامودی نے کہا ہے کہ حرمین ٹرین سروس کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز یکم اکتوبر 2018 کو کیا جارہا ہے۔

یہ ٹرین مملکت کے پانچ اہم اسٹیشنوں مکہ معظمہ، جدہ، شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے، شاہ عبداللہ اکنامک سٹی اور مدینہ منورہ سے گزرے گی.

جدہ سے مکہ تک کا کرایہ 20 سعودی ریال مقرر کیا گیا ہے جبکہ بزنس کلاس میں سفر کرنے پر 25 ریال ادا کرانا ہوں گے اسی طرح مکہ سے مدینہ منورہ جانے والے افراد 75 سعودی ریال ادا کریں گے بزنس کلاس میں سفر کرنے والوں 125 ریال ادا کرنا ہوں گے۔

سودی عرب کے جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رمیح نے ایک بیان میں کہا کہ تکنیکی مشکلات کے باوجود وہ حرمین ریل گاڑی کے غیرمعمولی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کامیاب رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: مکہ مدینہ کے درمیان مسافت، حرمین ہائی اسپیڈ ٹرین کا کامیاب تجربہ

یہ ٹرین پہاڑی علاقوں، ریتلے میدانوں، ساحلی پٹی اور میدانی علاقوں سے گزرے گی، حجاج و معتمرین کے لیے یہ ایک بہترین تحفہ ہے جو انہیں اندرون ملک کم سے کم وقت پہنچانے میں مدد فراہم کرے گا۔

مجموعی طور پر حرمین ٹرین کے ٹریک کی لمبائی 450 کلومیٹر ہے، دو طرفہ ٹریک پر ایک ہی وقت میں 35 بوگیاں چلائی جائیں گی، حرمین ٹرین 300 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے سفر کرے گی اور یومیہ اوسطاً ایک لاکھ 60 ہزار جبکہ سالانہ 6 کروڑ افراد سفر کرسکیں گے۔

Comments

- Advertisement -