بھارت کے سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ ہندی کرکٹ کمنٹری کو ’بکواس‘ کہنے پر سیخ پا ہوگئے اور مداح کو فوراً ہی کھری کھری سنا دی۔
ہندی کرکٹ کمنٹری کو دنیا کی ’سب سے زیادہ بکواس اور بری چیزوں‘ میں سے ایک کہنے پر سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے سوشل میڈیا پر بھارتی مداح کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔، مداح کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے ہربھجن نے اسے ڈانٹ پلائی اور غصے کا اظہار کیا۔
معاملہ اس وقت شروع ہوا جب ایک بھارتی مداح نے کرکٹر کی جانب سے شیئر کی گئی ایک تصویر پر اپنا عجیب و غیرب ردعمل ظاہر کیا۔
بھارت کی پاکستان کے خلاف جیت کے بعد ہربھجن سنگھ نے جو تصویر شیئر کی تھی اس میں وہ دبئی کے ایک ہوٹل کے باہر پوز دیتے دکھائی دے رہے تھے اور کیپش میں انھوں نے لکھا تھا ’جیت کا جشن‘۔
اس تصویر پر مداح نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہندی کمنٹری اس خوبصورت نیلے سیارے پر سب سے زیادہ کربناک چیزوں میں شمار کی جا سکتی ہے‘۔
اس تبصرے کے بعد ہربھجن سنگھ سے رہا نہیں گیا اور انھوں نے مداح پر جوابی حملہ کیا اور اسے اپنی زبان کی تعریف نہ کرنے پرتنقید کا نشانہ بنایا۔
ہربھجن سنگھ نے لکھا کہ ’واہ انگریز کی اولاد، آپ کو شرم آتی ہے، آپ کو اپنی زبان بولنے اور سننے میں فخر محسوس کرنا چاہیے‘۔
اس پوسٹ پر ایک ملین سے زیادہ ویوز آچکے ہیں تاہم ہر کوئی ہربھجن سنگھ کے اس موقف سے متفق نہیں تھے اور بہت سے لوگوں نے مداح کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ صرف ہندی کمنٹری پر تنقید کر رہے تھے ہندی زبان پر تنقید نہیں کررہا تھا۔