سابق بھارتی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونے سے پچھلے 10 سالوں سے بات نہیں کی ہے۔
بھارت کے ورلڈکپ وننگ کپتان سے ہربھجن سنگھ کو کیا پرخاش ہے جس کی وجہ سے انھوں نے دھونی سے بات نہیں کی اس بارے میں انھوں نے کچھ خاص باتیں نہیں بتائیں، تاہم ان کی باتوں سے پتا چلتا ہے کہ دونوں کے درمیان ماضی میں کافی تناؤ اور ٹینشن رہی ہے۔
جارح مزاج آف اسپنر نے کہا کہ میں دھونی سے بات نہیں کرتا، جب میں چنئی سپرکنگز کےلیے کھیلتا تھا تو ہم میں بس میچ کی حد تک باتیں ہوجاتی تھیں اور یہ گفتگو بس گراؤنڈ کی حد تک ہی ہوتی تھی۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں بات کیے ہوئے 10 سال یا شاید اس سے بھی زیادہ کا عرصہ ہوچکا ہے، میری پاس اس کی کوئی وجہ نہیں ہے شاید دھونی یہ جانتے ہوں۔
مجھے ان سے کوئی شکایت نہیں ہے، ہاں اگر ان کے پاس کچھ کہنے کو ہے تو وہ مجھے کہہ سکتے ہیں، میں نے کبھی دھونی کو کال کرنے کی کوشش نہیں کی، میں صرف انہی کو کال کرتا ہوں جو میرے کال ریسیو کرتے ہیں۔
2015 میں ساؤتھ افریقہ کے خلاف ون ڈے میچ کے بعد سے دھونی اور ہربھجن سنگھ نے کبھی کوئی میچ ساتھ نہیں کھیلا بلکہ 2015 کے ون ڈے عالمی کپ تک خاموشی سے ہربھجن اور یوراج جیسے پلیئرز کو ٹیم سے سائیڈ لائن کردیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ وہ بھارتی ٹیم جس نے دھونی کی کپتانی میں 2007 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور 2011 میں ون ڈے ورلڈکپ جیتا تھا اس میں ہربھجن سنگھ بھی اس کا حصہ تھے۔