سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے سلیکٹرز کو سپر اسٹارز سے پیچھا چھڑانے کا مشورہ دے دیا۔
بارڈر گواسکر ٹرافی میں بھارت کو آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 3-1 سے شکست ہوئی اور بھارتی ٹیم ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے بھی باہر ہوگئی، سڈنی ٹیسٹ میں شکست نے کوچ گمبھیر اور ٹیم کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔
یوٹیوب چینل پر سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ نے گمبھیر سے پہلے اور بعد کے دور کا موازنہ کیا اور سوال کیا کہ بھارتی ٹیم کے لیے چیزیں کہاں غلط ہورہی ہیں۔
ہربھجن نے کہا کہ راہول ڈریوڈ تک سب کچھ ٹھیک تھا، بھارت نے ورلڈ کپ جیتا اور سب کچھ ٹھیک تھا لیکن اچانک کیا ہوا؟ پچھلے چھ ماہ میں ہم سری لنکا سے ہار گئے، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں وائٹ واش ہوا اور اب آسٹریلیا میں سیریز 3-1 سے ہار گئے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز اور بورڈ کو مشورہ دیا کہ وہ سپر اسٹار پر انحصار کرنا چھوڑ دیں جو کافی عرصے سے ختم ہورہی ہے اور ان کی رائے تھی کہ صرف پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو ہی بھارت کی اگلی ریڈ بال ٹیم کے لیے شارٹ لسٹ کیا جائے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی ایک ساکھ ہوتی ہے اگر یہ بات ہے تو پھر کپل دیو، انیل کمبلے یا ان لوگوں کو شامل کریں جو ہندوستان کے سب سے برے میچ ونر رہے ہیں، آپ کو ساکھ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب نہیں کرنا چاہیے۔