ون ڈے انٹرنیشنلز میں بھارتی ٹیم کی نائب کپتانی کے فرائض انجام دینے والے ہاردک پانڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچوں میں اضافی دبائو کا سامانا ہوتا ہے۔
آل راؤنڈر نے کہا کہ گراؤنڈ میں شائقین کا شور بہت ہوتا ہے تاہم اسے نظرانداز کرتے ہوئے اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جاسکتا ہے، ہاردک پانڈیا نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے حالیہ دنوں میں کافی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔
ہمیں بھی ایک اچھی سائیڈ کے خلاف بہتر کارکردگی دکھنا ہوگی، پاکستان کی ٹیم ماضی میں کئی فائنل کھیل چکی ہے جس سے اس کی کارکردگی کا پتا چلتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان ہونے والے میچز میں شائقین کے جذبات عروج پر ہوتے ہیں جب کہ دونوں ممالک میں ہمیشہ تناؤ بھی رہتا ہے لیکن بحیثیت کرکٹر ہم زیادہ جذباتی نہیں ہوسکتے۔
ہاردک نے کہا کہ ایشیا کپ بڑا ٹورنامنٹ ہے جس میں اچھی کارکردگی کافی معنی رکھتی ہے اور لوگ اس سے آپ کی صلاحیت اور شخصیت کے ٹھراؤ کا اندازہ بھی لگاتے ہیں، اس سے پتا چلتا ہے کہ آپ میں برداشت کرنے کی صلاحیت کتنی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا سب سے بڑا معرکہ 2 ستمبر کو سری لنکا کے شہر کینڈی میں کھیلا جائے گا جس کے لیے شائقین کا جوش و خروش آسمان کو چھو رہا ہے۔