شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حریم فاروق کا کہنا ہے کہ جلد ہی شادی کرنے کا ارادہ ہے۔
اداکارہ حریم فاروق نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے دیگر موضوعات کے علاوہ شادی کے بارے میں بھی بات کی۔
حریم فاروق نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں اب جلد ہی شادی کرنے والی ہوں لیکن میری شادی کا وقت اللہ ہی بہتر جانتا ہے مگر میرا شادی کرنے کا ارادہ ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں کسی ایسے شخص سے شادی کروں گی جو صاف دل، سچا اور نرم مزاج ہو، یہ خصوصیات میرے لیے اہم ہیں۔
اُنہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص نرم مزاج ہوگا وہ اپنے رشتوں کو بہتر انداز میں نبھائے گا، وہ اپنے پیاروں کے ساتھ مخلص ہوگا اور بغیر کسی لالچ یا توقع کے ان کا خیال رکھے گا۔
اس سے قبل ایک انٹرویو میں حریم فاروق نے بتایا تھا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے وہ اس لیے اسکرین سے غائب رہیں، کیوں کہ ان کی والدہ علیل تھیں اور انہوں نے ان کی دیکھ بھال کی۔
اداکارہ نے تصدیق کی کہ اب ان کی والدہ روبہ صحت ہیں اور انہوں نے اسکرین پر واپسی کرلی ہے۔
میزبان کی جانب سے ’منگنی‘ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر حریم فاروق نے واضح کیا کہ ان کی منگنی نہیں ہوئی، یہ سب افواہیں ہیں۔