ایبٹ آباد: ہری پور میں جی ٹی روڈ پر بس اور ہائی روف میں تصادم کے باعث 7 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد سے لاہور جانے والی تیز رفتار بس بال ڈھیر کے مقام پر سامنے سے آنے والی ہائی روف سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ہائی روف میں سوار 7 مسافر جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔
زخمی افراد کو ایوب میڈیکل کمپلکس ایبٹ آباد منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے بس کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔
جاں بحق اور زخمی افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ایک روز قبل بھی سکھر کے قریب سانگی کے مقام پر کراچی آنے والی بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی تھی۔ حادثے کے نتیجے میں 3 خواتین اور 1 بچی سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔