سہ فریقی سیریز میں انجرڈ حارث رؤف کی جگہ عاکف جاوید کے نام کا اعلان جلد متوقع ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سہ فریقی سیریز میں فاسٹ بولر حارث رؤف کی انجری کے بعد سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں متبادل کھلاڑی کے لیے وسیم جونیئر، عاکف جاوید اور محمد علی کے ناموں پر بحث کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے عاکف جاوید کو حارث رؤف کے متبادل کے طور پر شامل کرنے کی حامی ہے۔
عاکف جاوید کے نام کا اعلان جلد متوقع ہے جبکہ حارث رؤف قومی اسکواڈ کے ساتھ ہی رہیں گے تاہم چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں تاحال کسی تبدیلی کا امکان نہیں۔
واضح رہے کہ حارث رؤف نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں سائیڈ اسٹرین کا شکار ہوئے تھے۔
بولنگ کے دوران اپنے ساتویں اوور میں حارث رؤف کو پسلیوں میں تکلیف ہوئی جس پر وہ اوور ادھورا چھوڑ کر گراؤنڈ سے باہر چلےگئے۔ حارث کے جانے کے بعد سلمان آغا نے حارث رؤف کا اوور مکمل کیا۔
خیال رہے کہ حارث رؤف چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں بھی شامل ہیں۔
پاکستان ٹرائی نیشن سیریز کا دوسرا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف 12 فروری کو کھیلے گا اور گرین شرٹس کامیابی کی صورت میں سہ فریقی سیریز کا فائنل نیوزی لینڈ سے کھیلیں گے۔