سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین شریفین نے زائرین حرم سے اپیل کی ہے کہ آب زم زم کا استعمال احتیاط سے کریں، پانی پینے کے بعد استعمال شدہ گلاسوں کو مخصوص مقام پرڈالیں اورکولر کے ڈھکنوں کو نہ کھولیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین کی جانب سے مسجد الحرام آنے والے زائرین کو ہدایات کی گئی ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک میں آب زم زم کی مستقل فراہمی کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔
20 ہزار کولرز زم زم کی مستقل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مسجد الحرام کے مختلف مقامات پر رکھے گئے ہیں جن میں گلاس بھی موجود ہیں، استعمال کئے گئے گلاسوں کو رکھنے کی جگہ بھی مخصوص کی گئی ہے۔
ادارہ حرمین کے مطابق مسجد الحرام میں وضو کے لیے جگہیں مخصوص ہیں، جہاں سے وضو کیا جاسکتا ہے، اس بات کا خیال رکھا جائے کہ آب زم زم کی سہولت پینے کے لیے ہے۔
واضح رہے کچھ زائرین آب زم زم کے کولروں سے وضو کرتے ہیں جس کی وجہ سے وہ جگہ گیلی ہو جاتی ہے اور دوسروں کے لیے مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے زائرین کو بے مثال طبی خدمات کی فراہمی جاری ہے، بیرونی ممالک سے آنے والوں کے لئے مقدس شہروں میں بہترین طبی سہولتوں کے ساتھ دواخانے موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی ہلال الاحمر نے ”کارڈیک الیکڑک شاک ڈیوائس“ مسجد الحرام کے 15 مقامات پرنصب کردی ہیں، تاکہ طبی ٹیمیں بلا کسی تاخیر کے فرسٹ ایڈ کی فراہمی ممکن بنا سکیں۔
ماہ رمضان میں عمرہ زائرین بڑی تعداد میں مسجد الحرام پہنچتے ہیں، ان کی دیکھ بھال اور انہیں فوری صحت خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہلال الاحمر کی ٹیمیں ہمہ وقت موجود ہوتی ہیں۔
مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ آنے والے زائرین کیلئے اہم ہدایت
مسجد الحرام میں ہلال الاحمر کے متعدد یونٹس موجود ہیں جبکہ زیادہ رش والے مقامات پر بھی ہنگامی امدادی ٹیمیں مکمل طبی امدادی سامان کے ساتھ زائرین کی خدمت کے لئے چوکس رہتی ہیں۔