لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہارون عمران گل نے کہا کہ جرائم کے مرتکب ملزمان کی ترجمانی کی بجائے اپوزیشن ایوان میں اپنا حقیقی پارلیمانی کردار ادا کرے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہارون عمران گل کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اپنے لیے بولنے کا جمہوری حق تو چاہتی ہے لیکن حکومتی ارکان کو یہ حق دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا رونا رونے والے صرف سنانا چاہتے ہیں، سننے کا ان میں حوصلہ نہیں، اجلاس نہ ہو تو اپوزیشن شور مچاتی ہے کہ اجلاس نہیں بلایا جا رہا، جب اجلاس ہوتا ہے تو ان کے پاس لڑائی کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں ہوتا۔
ہارون عمران گل نے کہا کہ قومی اداروں کے خلاف سنگین جرائم کے مرتکب ملزمان کی ترجمانی کی بجائے اپوزیشن ایوان میں اپنا حقیقی پارلیمانی کردار ادا کرے۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ پارلیمان کشتی کا اکھاڑہ نہیں، معزز ایوان ہے، عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ہونے والے پالیمانی اجلاس کو خاندانوں کی کرپشن کے دفاع کے لیے ڈھال نہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن احتجاج کا پرانا وطیرہ چھوڑ کر عوامی مسائل کے حل کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کر ے۔
ہارون عمران گل نے کہا کہ اپوزیشن اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے بجائے جملہ بازی کرتی ہے، اپوزیشن جمہوریت کے خلاف سازشیں کر رہی ہے۔
طاقتور کا احتساب ہو گا تو ملک ہمیشہ کے لیے بدل جائے گا‘ ہارون عمران گل
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہارون عمران گل کا کہنا تھا کہ طاقتور کا احتساب ہو گا تو ملک ہمیشہ کے لیے بدل جائے گا۔ ملک لوٹنے والوں کو چھوڑ کر آگے بڑھا جائے لیکن ایسا کرنا ملک سے غداری کے مترادف ہو گا۔