قومی ٹیم کے نوجوان پیسر حارث رؤف نے ویرات کوہلی اور روہت شرما کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔
بگ بیش لیگ، پی ایس ایل اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی عمدہ بولنگ سے دھاک بٹھانے والے حارث رؤف نے دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے بلے بازوں کو نشانے پررکھ کرلیا۔
بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی اور روہت شرما کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کتنا ہی بڑا بیٹسمین کیوں نہ ہو لیکن میرے اوپر وہ غالب نہیں آسکتا۔
ایک انٹرویو میں پیسر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کے بڑے بڑے بیٹسمین جن کا سامنا ہوگا اس میں کوہلی اور شرما ایک چیلنج ضرور ہیں لیکن بی بی ایل پرفارمنس کی بنیاد پر اگر مجھے ورلڈکپ میں موقع ملا تو یہ میری فطرت ہے کہ کسی بلے باز کو اپنے اوپر غالب نہیں ہونے دیتا۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ دونوں ٹیموں کے لیے پریشر گیم ضرور ہوتا ہے تاہم ماضی کے تجرے کی بنیاد پر کہتا ہوں، جہاں میں نے دباؤ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور اگر پاک بھارت میچ میں کھیلنے کا موقع ملا تو یہ کوئی الگ دباؤ نہیں ہوگا۔