پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا ہے کہ میں پاکستان کے لیے ورلڈ کپ جیتنا چاہتا ہوں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر حسن علی نے قومی ٹیم میں واپسی اور فارم کی بحالی سے متعلق اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں ورلڈ کپ میں پاکستان کے لیے کھیلنا اور ملک کے لیے جیتنا چاہتا ہوں، میرے لیے اب ہر میچ ایک موقع ہے اور میں اپنا سو فیصد حصہ دوں گا۔
30 سالہ فاسٹ بولر نے گزشتہ روز بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹی 20 میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور ٹی 20 میں یہ کارنامہ انجام دینے والے چوتھے پاکستانی بولر بن گئے۔
انہوں نے کہا کہ کارکردگی مختلف ہوسکتی ہے لیکن میدان میں آپ کی کوشش ہمیشہ نظر آنی چاہیے، دن کے اختتام پر اس اطمینان کے ساتھ میدان چھوڑنا چاہتا ہوں کہ میں نے اپنا سب کچھ دیا ہے۔
حسن علی نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں اہم اعزاز حاصل کرلیا
حسن علی نے کہا کہ انجری کے بعد واپسی کا سفر چیلنجز سے بھرا ہوا تھا۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ انجری سے واپس آنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا۔ اس پر ایک منفرد دباؤ ہوتا ہے۔ میں شکر گزار اور فخر محسوس کرتا ہوں کہ میں دوبارہ فٹ ہونے میں کامیاب ہوا۔ اس میں بہت محنت کی گئی، اور اس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے پاکستان ٹیم میں اپنی واپسی کو خواب کی تعبیر قرار دیتے ہوئے اعلیٰ سطح پر کارکردگی دکھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
حسن علی نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک خواب پورا ہو گیا ہے۔ میں بہت پرجوش اور ٹیم کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔